حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، جامعۃ المصطفی العالمیہ نے انقلاب اسلامی کے عظیم معمار حضرت امام خمینی (رہ) کی برسی اور شہداء قیام 15 خرداد کے موقع پر اپنا بیانیہ جاری کیا ہے۔ اس بیانیہ کا متن حسب ذیل ہے:
حضرت امام خمینی (رہ) اور شہداء قیام 15 خرداد کی برسی کے ایام کی آمد ہے۔ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ دنیا بھر میں عظیم الشان انقلاب اسلامی کی شہرت کی آواز پہلے سے زیادہ گونج رہی ہے۔ آج بانی انقلاب اسلامی کے بلند و بالا نظریات نے جغرافیائی سرحدوں کو ختم کر کے لوگوں کے دلوں کی گہرائیوں تک رسائی حاصل کر لی ہے، دنیا میں آزادی پسندوں کے دلوں میں نورانی افکار نے گھر کر لیا ہے اور ہم دنیا میں ہر جگہ اور دن بہ دن اس کے ٹھوس نتائج کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
انقلاب اسلامی ایران کو عصر حاضر کی تاریخ میں ایک عظیم الشان اور پرشکوہ مقام حاصل ہے جسے اللہ تعالیٰ کے خصوصی فضل و کرم اور اس صدی کے بے مثال اور عظیم شخصیت حضرت امام خمینی (رح) اور ایران کے معزز اور غیور عوام کے ہاتھوں جمہوریہ اسلامی کے قیام کے مقصد سے کامیابی حاصل ہوئی۔
14 خرداد بمطابق 04 جون 2023ء حضرت امام خمینی (رح) کی برسی کا دن ہے۔ وہ عظیم اسلامی رہنما جس نے خداوند متعال کی مدد اور ایک غیور قوم کی حمایت سے انقلابِ اسلامی کی شکل میں 20 ویں صدی کا سب سے بڑا واقعہ تشکیل دیا۔
اگرچہ جمہوریہ اسلامی ایران کے بانی اور اس تاریخ ساز شخصیت کی رحلت کو چونتیس سال گزر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود یہ کہا جا سکتا ہے کہ امام خمینی (رہ) نے اسلام پر مبنی حکومت قائم کرنے اور موروثی بادشاہت کا تختہ الٹنے کے ساتھ ساتھ خطے بلکہ دنیا بھر میں ایسے تحولات کو وجود میں لایا کہ آج نئی صدی مصنوعی اور آمریت کے ہاتھوں تشکیل پانے والی طاقتوں کے زوال اور اسلام کے دوبارہ عروج کی صدی بن گئی ہے۔۔۔۔!
جامعۃ المصطفی العالمیہ، قم ایران